واکی ٹاکی بنا ئیں
(امیر سیف اللہ سیف)
Written by: Amir Saifullah Saif
گھر‘ گودام‘ ورکشاپ یا دفتر میں دو طرفہ لاسلکی (وائرلیس) رابطہ قائم کریں
50MHz فریکوئنسی پر کام کرنے والا واکی ٹاکی کا مکمل پروجیکٹ
جس کی آئوٹ پٹ پاور 200mW ہے۔ بنانے میں آسان اور اجزا عام دستیاب ہیں۔
پی سی بی ڈیزائن اور دیگر تفصیلات کے ساتھ
واکی ٹاکی کا مطلب ہے چلتے پھرتے بات کرنا۔ یہ نام ایسے آلے کا ہے جس میں ٹرانسمٹر/رسیور دونوں آلے شامل ہوتے ہیں۔ اسے ٹرانسیور (Transciever) بھی کہتے ہیں۔ واکی ٹاکی دو آدمیوں کے درمیان رابطے کا کام دیتا ہے۔ ایک وقت میں ایک آدمی بات کر رہا ہوتا ہے اور دوسرا آدمی بات سن رہا ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لئے واکی ٹاکی میں ایک سوئچ ہوتا ہے جسے پش ٹو ٹاک Push to Talk سوئچ کہتے ہیں۔
بلاک ڈایا گرام
واکی ٹاکی کا بلاک ڈایا گرام دیکھیں۔ سرکٹ کو سادہ اور کم خرچ رکھنے کے لئے واکی ٹاکی میں کچھ اجزا ٹرانسمٹر اور رسیور دونوں میں مشترک طور پر استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان اجزا میں ایمپ لی فائر‘ اسپیکر اور ایرئل شامل ہیں۔ ایک سوئچ کے ذریعے یہ اجزا حسب ضرورت، باری باری ٹرانسمٹر اور رسیور سے منسلک کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ رسیور کے لئے ٹیونر سرکٹ اور ٹرانسمٹر کے لئے آسی لیٹر سرکٹ جو بالترتیب ٹرانزسٹر 2SC535 اور 2SC482 پر مشتمل ہیں ‘ الگ الگ استعمال کئے جاتے ہیں۔ واکی ٹاکی کے ان حصوں کو بلاک ڈایا گرام میں واضح کیا گیا ہے۔
شکل نمبر 1
سرکٹ ڈایا گرام
سرکٹ کا عمل بہت سادہ ہے اور آپ اسے بلاک ڈایا گرام کی مدد سے نہایت آسانی سے سمجھ سکتے ہیں۔ جب سرکٹ کا سوئچ SW1 حالت B میں ہوتا ہے تو سرکٹ ٹرانسمٹ Transmit حالت میں ہوتا ہے ۔ اس دوران میں سرکٹ کا ایرئل، آسی لیٹر سے(جو ٹرانزسٹر2SC482 پر مشتمل ہے) منسلک ہو جاتا ہے جب کہ اسپیکر ایمپ لی فائر کی ان پٹ سے منسلک ہو کر بطور مائیکروفون کام کرتا ہے۔ جیسا کہ آپ بلاک ڈایا گرام سے دیکھ سکتے ہیں ٹرانزسٹر TR3 تا TR5 بطور ایمپ لی فائر کام کر رہے ہیں۔ ان میں سے TR3,4 بطور پری ایمپ لی فائر کام کرتے ہیں۔ ٹرانسمٹ حالت میں یہ دونوں ٹرانزسٹر ‘ اسپیکر سے آنے والے سگنلز کو ایمپ لی فائی کرتے ہیں اور ان سگنلز کو پاور ایمپ لی فائر (ٹرانزسٹر 2N3053 ) کی ان پٹ پر دے دیتے ہیں۔ یہاں سے یہ سگنلز آسی لیٹر میں چلے جاتے ہیں اور آسی لیٹر کی آئوٹ پٹ کو ماڈولیٹ کرتے ہیں تاکہ آواز کو نشر کیا جا سکے۔آسی لیٹر کرسٹل کنٹرولڈ نوعیت کا ہے چنانچہ اس کی کارکردگی نہایت مستحکم ہے اور سگنل کی فریکوئنسی قائم رہتی ہے‘ اسے بار بار ٹیون نہیں کرنا پڑتا۔
شکل نمبر 2 : واکی ٹاکی کا سرکٹ ڈایا گرام
جب سرکٹ کا سوئچ SW1 حالت A میں ہوتا ہے تو سرکٹ رسیو Receive حالت میں ہوتا ہے ۔ اس دوران میں سرکٹ کا ایرئل، ٹیونر سے (جو ٹرانزسٹر 2SC535پر مشتمل ہے) منسلک ہو جاتا ہے جب کہ اسپیکر ایمپ لی فائر کی آئوٹ پٹ سے منسلک ہو کر بطور اسپیکرکام کرتا ہے۔ اس حالت میں ایرئل سے آنے والے سگنلز ٹیونر میں آتے ہیں جہاں پر ان کو ڈی ٹیکٹ/ڈی ماڈولیٹ کیا جاتا ہے اور پھر انہیں ایمپ لی فائر کی مدد سے بڑھا کر اسپیکر کے ذریعے سن لیا جاتا ہے۔ ٹرانسفارمر T1 اور T2 امپیڈینس میچنگ کے لئے ہیں اور یہ آڈیو ٹرانسفارمر ہیں ۔ ان کی پرائمری اور سیکنڈری وائنڈنگز کی امپیڈینس سرکٹ ڈایا گرام پر واضح کی گئی ہے۔
تشکیل
واکی ٹاکی کا یہ سرکٹ پی سی بی پر تشکیل دیا جائے گا جس کا نمونہ شکل نمبر 3 میں دیا گیا ہے۔ پی سی بی پر اجزا کی ترتیب کا خاکہ شکل نمبر 4 میں دکھایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی پر تین عدد جمپر Jumper بھی لگانے ہوں گے۔
شکل نمبر 3 : واکی ٹاکی کے لئے پی سی بی ڈیزائن
اجزا کی تاریں ممکنہ حد تک چھوٹی رکھیں تاکہ سرکٹ میں غیر ضروری انڈکٹینس پیدا نہ ہو۔ یہ کافی بلند فریکوئنسی پر کام کرتا ہے چنانچہ اگر اجزا کی تاریں لمبی رکھیں گے اور ٹانکے وغیرہ صفائی سے نہیں لگائیں گے تو سرکٹ درست عمل نہیں کرے گا۔
شکل نمبر 4 : پی سی بی ڈیزائن پر واکی ٹاکی کے اجزا کی ترتیب
ٹرانزسٹرز کی تاروں کی پہچان کریں اور ان کو ان کے مقرر کردہ مقامات پر نصب کریں۔ الیکٹرو لائیٹک کپیسیٹرز کی پولیریٹی کا خیال رکھتے ہوئے نصب کریں۔
شکل نمبر 5 : واکی ٹاکی کے اسمبلڈ پی سی بی سے وائرنگ کرنے کا طریقہ
ریڈیو فریکوئنسی چوک RFC‘ کوائل L1 اور L2 کے علاوہ بقیہ تمام اجزا آپ کو بازار میں مل جائیں گے البتہ یہ اجزا (انڈکٹرز) آپ کو خود بنانے پڑیں گے۔ ان اجزا کا بنانا بھی بے حد آسان ہے۔ذیل میں ان کی تفصیل پیش ہے۔
کوائل L1:
کسی پرانے ریڈیو سیٹ میں سے ایسا فارمر حاصل کریں جس میں آئرن ڈسٹ کور موجود ہو۔ اس آئرن کور کا قطر 8mm ہونا چاہئے۔ اب فارمر کے اوپر درمیان میں 23SWG کاپر انیملڈ تار کے چار چکر قریب قریب لپیٹ لیں اور ان کو ایلفی یا اسی جیسے کسی دوسرے چپکنے والے مادے کی مدد سے اپنی جگہ پر قائم کر دیں۔ یاد رکھیں کہ کنیکشن کرنے کے لئے تار کا نصف انچ سرا دونوں طرف سے (شروع اور آخر) باہر نکالنا ہے۔ یہ وائنڈنگ خشک ہونے کے بعد اس کے اوپر اسی تار کا صرف ایک چکر لپیٹ کر سیکنڈری وائنڈنگ مکمل کریں۔ حسب سابق نصف انچ سرا دونوں طرف سے کنیکشن کے لئے چھوڑ دیں۔
کوائل L2:
یہ کوائل بھی L1 کی طرح بنائی جائے گی ۔ اسی فارمر پر درمیان میں 25SWG کاپر انیملڈ تار کے پانچ چکر قریب قریب لپیٹ لیں اور ان کو ایلفی یا اسی جیسے کسی دوسرے چپکنے والے مادے کی مدد سے اپنی جگہ پر قائم کر دیں۔ کنیکشن کرنے کے لئے تار کا نصف انچ سرا دونوں طرف سے (شروع اور آخر) باہر نکال لیں۔ یہ وائنڈنگ خشک ہونے کے بعد اس کے اوپر اسی تار کا صرف ایک چکر لپیٹ کر سیکنڈری وائنڈنگ مکمل کریں۔ حسب سابق نصف انچ سرا دونوں طرف سے کنیکشن کے لئے چھوڑ دیں۔
ریڈیو فریکوئنسی چوک RFC
یہ انڈکٹر ¼ واٹ کے کاربن فلم رزسٹر پر لپیٹا جائے گا۔100K قدر کا ایک رزسٹر لے لیں۔ اب 30SWG کاپر اینملڈ تار کا سرا چھیل کر رزسٹر کی ایک تار پر ‘ رزسٹر کی باڈی کے قریب ٹانکا لگا کر جوڑ دیں۔ اب بڑی احتیاط کے ساتھ رزسٹر کی باڈی پر قریب قریب تار کو لپیٹ لیں۔ ایک تہہ مکمل ہونے کے بعد دوسری تہہ لپیٹیں۔ اس طرح تہہ در تہہ 100 چکر مکمل کریں۔ چکر لپیٹنے کا رخ ایک ہی رکھیں۔ اس کے بعد اضافی تار کاٹ لیں اور اس کا سرا چھیل کر رزسٹر کی دوسری طرف والی تار پر ٹانکے سے جوڑ دیں۔ آپ کی ریڈیو فریکوئنسی چوک تیار ہے۔
تشکیل کا کام سارے اجزا کو ٹانکے لگا کر مکمل کریں اور باریک بینی سے سارے اجزا‘ ٹانکوں اور تاروں (جمپرز‘ بورڈ سے باہر کے کنیکشن وغیرہ) کو چیک کریں۔ سب کچھ درست ہو تو سرکٹ سے بیٹری جوڑ دیں۔ اب مرحلہ آتا ہے واکی ٹاکی کو ٹیون کرنے کا۔ صرف پہلی مرتبہ ٹیوننگ کافی ہو گی لیکن ٹیوننگ کے لئے آپ کو ایسے دو یونٹ درکار ہوں گے۔ ان ہی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے دوسرا یونٹ بھی مکمل کریں اور اب ٹیوننگ کی طرف چلیں۔
ٹیوننگ
ٹیوننگ کا عمل سرانجام دینے کے لئے دونوں سیٹ آن کریں۔ ایک سیٹ کا سوئچ ٹرانسمٹ حالت میں اور دوسرے کا سوئچ رسیور حالت میں رکھیں۔
اب جس سیٹ کا سوئچ رسیو حالت میں ہے اس کی کوائل L1 کی کور کو آہستہ آہستہ گھمائیں۔ یاد رہے کہ دوسرے سیٹ کو کسی ٹیپ پلیئر یا ٹی وی کے سامنے رکھیں یا پھر کسی دوست سے کہیں کہ وہ اس کے سامنے مسلسل کوئی لفظ مثلاً ہیلو وغیرہ کہتا رہے۔ رسیو والے سیٹ پر کوائل L1 کی کور کو گھماتے ہوئے آواز وصول کرنے کی کوشش کریں۔ کسی ایک مقام پر آواز آنا شروع ہو جائے گی۔ اگر اس طریقے سے آواز وصول نہ ہو تو پھر ٹرانسمٹ حالت میں رکھے ہوئے سیٹ کی کوائل L2 کو ٹیون کریں۔ اس طرح بار بار کوشش کر کے آپ آواز وصول کر لیں گے۔ ایک سیٹ کی ٹیوننگ مکمل ہو نے کے بعد اب ان کے سوئچ کی حالت بدل دیں یعنی جو رسیو حالت میں ہے اسے ٹرانسمٹ حالت میں لے آئیں اور جو ٹرانسمٹ حالت میں ہے اسے رسیو حالت میں لے آئیں۔ سارا عمل دہرائیں۔
اب آپ کے دونوں سیٹ ٹیون ہو گئے ہیں۔ جب تک بیٹری ایک خاص حد سے نیچے تک ڈسچارج نہیں ہوگی دونوں سیٹ کام کرتے رہیں گے۔ جیسا کہ پہلے بتایا جا چکا ہے سرکٹ میں لگا ہوا آسی لیٹر کرسٹل کنٹرولڈ ہے چنانچہ اس کی نشریاتی فریکوئنسی مستحکم رہے گی۔
فہرست اجزاء
( واکی ٹاکی )رزسٹرز
تمام رزسٹر ¼ واٹ‘ ٪5 شرح انحراف کے حامل ہیںR1 | = | 22K کاربن فلم | R2 | = | 4K7 کاربن فلم | ||
R3 | = | 470R کاربن فلم | R4 | = | 22K کاربن فلم | ||
R5 | = | 2K2 کاربن فلم | R6 | = | 33K کاربن فلم | ||
R7 | = | 4K7 کاربن فلم | R8 | = | 1K0 کاربن فلم | ||
R9 | = | 470R کاربن فلم | R10 | = | 1K0 کاربن فلم | ||
R11 | = | 33K کاربن فلم | R12 | = | 4K7 کاربن فلم | ||
R13 | = | استعمال نہیں کیا گیا | R14 | = | 470R کاربن فلم | ||
R15 | = | 12K کاربن فلم | R16 | = | 15K کاربن فلم | ||
R17 | = | 10R کاربن فلم |
کپیسیٹرز
C1 | = | 30p سرامک یا پولی ایسٹر | C2 | = | 0µ022 سرامک یا پولی ایسٹر | ||
C3 | = | 10p سرامک یا پولی ایسٹر | C4 | = | 0µ0047 سرامک یا پولی ایسٹر | ||
C5 | = | 0µ0022 سرامک یا پولی ایسٹر | C6 | = | 33p سرامک یا پولی ایسٹر | ||
C7 | = | 0µ022 سرامک یا پولی ایسٹر | C8 | = | 22p سرامک یا پولی ایسٹر | ||
C9 | = | 4µ7 الیکٹرولائیٹک | C10 | = | 47µ الیکٹرولائیٹک | ||
C11 | = | 4µ7 الیکٹرولائیٹک | C12 | = | 33µ الیکٹرولائیٹک | ||
C13 | = | 4µ7 الیکٹرولائیٹک | C14 | = | 33µ الیکٹرولائیٹک | ||
C15 | = | 33µ الیکٹرولائیٹک | C16 | = | 220µ الیکٹرولائیٹک |
سیمی کنڈکٹر
TR1 | = | 2SC535 این پی این ٹرانزسٹر | TR2 | = | 2SC482 این پی این ٹرانزسٹر | ||
TR3 | = | 2SC460 این پی این ٹرانزسٹر | TR4 | = | 2SC460 این پی این ٹرانزسٹر | ||
TR5 | = | 2N3053 این پی این ٹرانزسٹر | XTAL | = | 49.860MHz کرسٹل |
متفرق
L1 | = | تفصیل مضمون میں | L2 | = | تفصیل مضمون میں | ||
RFC | = | تفصیل مضمون میں | T1 | = | پرائمری : 8K0 سیکنڈری :2K0 | ||
T2 | = | پرائمری 8R سیکنڈری : 500R | LS | = | 8R0 لائوڈ سپیکر | ||
B1 | = | 9V0بیٹری | ANT | = | لوپ اسٹک | ||
SW1a-d | = | 8 پول ٹو وے پش سوئچ | SW2 | = | آن آف سوئچ |