لاؤڈ اسپیکر بطور مائیکروفون
(امیر سیف اللہ سیف)
Written by: Amir Saifullah Saif
لاؤڈ اسپیکر آؤٹ پٹ آلہ ہے جو برقی سگنلز کو آواز میں تبدیل کرتا ہے۔ لیکن اس سرکٹ میں ہم اسے الٹ طور پر استعمال کریں گے یعنی مائیکروفون کے طور پر۔ اس طرح یہ آلہ آپ کی آواز کو برقی سگنلز میں تبدیل کرنے کا کام کرے گا۔ اکثر سرکٹس میں اس طرح کی ضرورت پیش آ جاتی ہے کہ اسپیکر ہی کو بطور مائیک استعمال کر لیا جائے۔ ایسی صورت میں یہ سرکٹ آپ کے کام آئے گا۔
لاؤڈ اسپیکر بطور مائیکروفون کا سرکٹ ڈایا گرام
آواز کی لہریں جب اسپیکر کی کون سے ٹکراتی ہیں تو اسے مرتعش کر دیتی ہیں جس سے وائس کوائل بھی حرکت کرتی ہے اور اسپیکر کے مقناطیسی میدان کی وجہ سے حفیف سے برقی سگنلز پیدا ہوتے ہیں۔اس سرکٹ کی مدد سے یہ برقی سگنلز کسی قدر ایمپلی فائی کر کے آؤٹ پٹ میں فراہم کر دیئے جاتے ہیں۔
لاؤڈ اسپیکر بطور مائیکروفون کے لیے پرنٹڈ سرکٹ بورڈ کانمونہ سائز 1.85x 1.3 انچ
سرکٹ 6وولٹ سے 12وولٹ تک کسی بھی سپلائی سے کام کر سکتا ہے۔ پہلا ٹرانزسٹر کامن بیس موڈ میں استعمال کیا گیا ہے۔ اس کی خصوصیت یہ ہےکہ یہ اسپیکر کی کم امپیڈینس سے میچ کرتا ہے نیز اس کا وولٹیج گین کافی بلند ہوتا ہے۔ دوسرا ٹرانزسٹر ایمی ٹر فالوور کے طور پر کام کر رہا ہے۔ اس کا وولٹیج گین اکائی سے خفیف سا کم ہے لیکن آؤٹ پٹ امپیڈینس کم ہوتی ہے جس کے باعث اس کی آؤٹ پٹ سے کافی لمبی تار جوڑی جا سکتی ہے۔
پرنٹڈ سرکٹ بورڈ پر لاؤڈ اسپیکر بطور مائیکروفون کے اجزا کی ترتیب
حاصل ہونے والی آواز کا معیار معیاری الیکٹریٹ مائیکروفون کی نسبت بہت عمدہ نہیں ہے تاہم عام استعمال کے لیے قابل قبول ہے۔ ان پٹ میں آپ ایک انچ سے تین انچ قطر کا اسپیکر جوڑ سکتے ہیں۔ یہاں پر 4 اوہم سے 64 اوہم تک کی امپیڈینس کا اسپیکر بخوبی استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم زیادہ امپیڈینس کے اسپیکر کے لیے آپ کو 8.2 اوہم رزسٹر کی قدر تبدیل کرنی پڑے گی تاکہ اسپیکر کی اپنی امپیڈینس کو میچ کیا جا سکے۔۔
فہرست اجزاء
( لاؤڈ اسپیکر بطور مائیکروفون )رزسٹرز | ||||
---|---|---|---|---|
R1 | = | 2M2 | کاربن فلم ¼ واٹ | |
R2 | = | 5K6 | کاربن فلم ¼ واٹ | |
R3 | = | 8R2 | کاربن فلم ¼ واٹ | |
R4 | = | 2K2 | کاربن فلم ¼ واٹ | |
کپیسیٹرز | ||||
C1 | = | 220µ | 25V الیکٹرو لائیٹک | |
C2 | = | 220µ | 25V الیکٹرو لائیٹک | |
C3 | = | 100µ | 25V الیکٹرولائیٹک | |
سیمی کنڈکٹرز | ||||
Q1 | = | BC109C | ٹرانزسٹر | |
Q2 | = | BC109C | ٹرانزسٹر | |
متفرق | ||||
LS1 | = | 4-64اوہم | لاؤڈ اسپیکر (تفصیل مضمون میں) | |
SW | = | آن آف سوئچ | ||
BT1 | = | 6-12V | بیٹری یا پاور سپلائی |